جمہوریت قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کا محور ہے، چیئرمین سینیٹ کا عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر پیغام

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے، احتسابی عمل اور انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا نے کیلئے جمہوری نظام ہی واحد راستہ ہے، جمہوریت قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کا محور ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے، احتسابی عمل اور انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا نے کیلئے جمہوری نظام ہی واحد راستہ ہے، جمہوری نظام کے تحت تمام سیاسی جماعتیں ترقی و خوشحالی اور عوامی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں جو کسی بھی ملک کیلئے پائیدار امن اور ترقی کا پیش خیمہ بنتا ہے، جمہوریت قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کا محور ہے ۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد یہی ہے کہ ہم جمہوریت کے فروغ اور بقاء کی خاطر اپنے عزم کی تجدید کریں، آج ہماری پارلیمنٹ عوامی رسائی،صنف نازک اور نوجوانوں کو شامل کرنے کے متعدد نقطہ نظر کی وجہ سے کہیں زیادہ وسیع اور واضح ہو چکی ہے ۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ایوان بالا نے شاندار جمہوریت کی نئی مثالیں قائم کی ہیں، جمہوریت کے تسلسل کی علامت کیلئے ایوان بالا نے تعمیری سوچ و فکر کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالا قانون سازی اور یکساں عوامی نمائندگی کیلئے ملک کی تمام اکائیوں کی آواز بنا، ایوان بالا صوبوں کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینے اور ملک کی تمام اکائیوں کو مساوی نمائندگی دینے کے توازن کا سنگ میل طے کرچکا ہے جس سے وفاق اور جمہوریت دونوں کو تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 ستمبر انتہائی اہم موقع ہے جس میں ہم ملکی ترقی اورجمہوری اصلاح کے عمل کو آگے بڑھا نے کا جائزہ لے کر شاندار مستقبل کیلئے لائحہ عمل طے کر سکتے ہیں، یہ دن جمہوریت کے بارے میں عوامی شعور اجاگر کرنے اور لوگوں کی فلاح و بہبود، امنگوں اور بہتر طرز زندگی پیدا کرنے کے حوالے بھی اہم دن ہے۔

جمہوریت قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کا محور ہے، چیئرمین سینیٹ کا عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر پیغام